الیکشن سے قبل ترقیاتی منصوبوں کا اعلان دھاندلی ہے:تحریک انصاف

11 فروری 2018

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تقریر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت جب انتخابات سر پر ہیں شاہد خاقان عباسی کے حلقے میں دورے اور میگا منصوبوں کے اعلانات کھلی دھاندلی کے مترادف ہے،وزیراعظم کو یہ سب منصوبے انتخابات سے 4 ماہ قبل ہی یاد آنے تھے،عوام احمق نہیں، شاہد خاقان عباسی اور ان کے چمچوں کی منصوبہ سازیوں اور حیلہ بازیوں سے واقف ہیں،شاہد خاقان عباسی کی یہ کارگزاریاں صریحاً غیر قانونی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان ماورائے قانون انتخابی سرگرمیوں کو روکنا الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمشن کو عمران خان کے دورے یاد آجاتے ہیں اور جلسو ں پر نوٹس لیا جارہا ہے ۔عوام الیکشن کمشن سے عملی اقدامات کی توقع رکھتے ہیں،سویا ہوا الیکشن کمشن کسی کے حق میں بہتر نہیں ہو سکتا۔