ایم کیو ایم کی لڑائی سے پیپلزپارٹی کو سینٹ الیکشن میں فائدہ ہوگا: شیخ رشید خرم نواز گنڈاپور کی ملاقات

11 فروری 2018

اسلام آباد + لاہور (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن کیلئے ہر صوبے کے الگ ہی ریٹ ہیں۔ بلوچستان میں سیٹ ایک ارب روپے جبکہ عمران کو خیبر پی سے سیٹ کیلئے 40 کروڑ کی پیشکش ہوئی۔ ایم کیو ایم میں چپقلش کے باعث پیپلزپارٹی سینٹ میں بازی لے جائے گی۔ انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ جذبات میں آکر قومی اسمبلی کی سیٹ سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ نہیں کیا تھا بلکہ مجھے امید تھی میرے بعد تحریک انصاف بھی استعفے دے گی۔ عمران نے مجھے کہا کہ کچھ دن رہ گئے ہیں دفعہ کرو استعفیٰ نہ دو تب میری عقل کو بات لگی۔ پتہ نہیں آئندہ دو ماہ کے بعد ملک میں الیکشن ہونگے یا سلیکشن۔ ایک شخص ہر صبح اداروں کو گالیاں دے رہا ہے اور ملک کا وزیراعظم عدلیہ کے فیصلے ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کی بات کرتا ہے۔ نوازشریف اور مودی ایک انٹرنیشنل ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ جمالی صاحب ایک ووٹ سے وزیراعظم بنے۔ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نوازشریف تاحیات نااہل ہونگے۔ گزشتہ دور حکومت میں شوکت عزیز اور شاہد خاقان عباسی ملے ہوئے تھے۔ ایل این جی بہت بڑی کرپشن ہے۔ پیر والے دن سب کو پتہ چل جائے گا۔ قبل ازیں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے شیخ رشید سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا عوام کرپشن کے خلاف چپ نہ رہیں‘ حق کیلئے آواز اٹھائیں۔