مالاکنڈ‘ بنوں‘ کوئٹہ اور فاٹا میں ہلکی بارش‘ پہاڑوں پر برفباری

11 فروری 2018

اسلام آباد (صباح نیوز) مالاکنڈ، بنوں، کوئٹہ اور فاٹا میں کئی مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوئی جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ مموسمیات کے مطابق مغربی سمت سے آنے والی ہوائیں بلوچستان کے ذریعے کراچی میں داخل ہوگئی ہیں، جس کے باعث درجہ حرارت تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ پہنچنے اور آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کا بھی امکان ہے، ممکنہ بارش کے باعث سردی میں اضافہ بھی ہو جائیگا۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد، خشک اور جزوی ابرآلود رہے گا۔ مالاکنڈ، بنوں، کوئٹہ اور فاٹا میں کئی مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج (اتوار) اور کل (پیر کو) لاہور، اسلام آباد، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے، جس سے خشک سردی ختم ہو جائے گی۔