کورکمانڈر لاہور نے برکی روڈ پرضرار شہید ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح کردیا

11 فروری 2018

لاہور (خبر نگار)کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے مین برکی روڈ پرضرار شہید ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح کردیا۔ہفتہ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے مین برکی روڈ پرضرار شہید ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح کیا۔ہسپتال کا سنگ بنیاد 2002میں شہید نیول آفیسر لیفٹیننٹ ضرار احمد بن منصور کے والدین نے رکھا تھا۔لیفٹیننٹ ضرار احمد 1999 میں اٹلانٹک میں جہاز گر کر تباہ ہونے کے واقعے میں شہید ہوگئے تھے۔میموریل ہسپتال شہید کے خاندان نے تعمیر کیا ہے جس میں ہر قسم کے مریضوں کیلئے ٹی بی ،جنرل سرجری ،گائنی،چائلڈ،آنکھ ،دانتوں،ریڈیالوجوی اور لیباٹری ڈیپارمنٹس کی سہولیات موجود ہیں۔