مسئلہ کشمیر :حق خود ارادیت کے حصول تک حمایت جاری رکھیں گے: ملیحہ لودھی

11 فروری 2018

نیویارک(آن لائن)اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا اور ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا اور اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ اب بھی زندہ ہے ، انہوں نے یہ بات نیویارک میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کے ایک اجتماع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔پا کستان قونصلیٹ کے زیراہتمام یوم یک جہتی کشمیر کے حوالہ سے منعقدہ اس تقریب کی صدارت اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کا سفارتی مشن کئی عشروں سے زیر التوا کشمیریوں کے حق خودارادیت کی قراداد پر عمل درآمد کروانے کے لئے بھرپور پر کوشاں ہے اور یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں اس وقت بھی زندہ ہے اور مسئلہ کے حل تک اقوام متحدہ میں زندہ رہے گا تاہم تمام پاکستانیوں کو پاکستانی حکومت اور اس کے سفارتی مشنز کا کشمیر کی بگڑی صورتحال سے دنیا بھر کو آگاہ کرنے میں ساتھ دینا چاہیئے اور نوجوان نسل کو بھی اس مسئلہ کے بارے میں بتایا جائے۔