اترپردیش میں بڑے پیمانے پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف مہم شروع

11 فروری 2018

دہلی (بی بی سی ڈاٹ کام) بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں ایک برس قبل بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد وہاں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایک مہم شروع کی۔ پچھلے نو مہینے کے اندر ریاست میں ایک ہزار سے زیادہ انکاؤنٹر ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان پولیس تصادموں میں اب تک 38 جرائم پیشہ افراد مارے جا چکے ہیں۔ تقریباً تین سو زخمی ہوئے اور دو ہزار سے زیادہ مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں اور حقوق انسانی کی تنظیموں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس انکاؤنٹر کا سلسلہ بند کرے کیونکہ بقول ان کے ان میں بہت سے بے قصور افراد بلا وجہ مارے جا رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی الزام ہے ان میں سے بہت سے انکاؤنٹر فرضی تھے۔ پچھلے دنوں دہلی کے نواح میں اتر پردیش پولیس نے شادی کی تقریب سے لوٹنے والی ایک فیملی کی کار پر گولی چلا دی۔ پولیس نے انہیں جرائم پیشہ بتایا۔