ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر اربوں خرچ کئے جا رہے ہیں: خواجہ سعد رفیق
لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پشاور سے کراچی کے درمیان چلنے والی خیبر میل کی اپ گریڈیشن کا حکم دے دیاہے۔ خیبر میل کے چاروں ریکس میں شامل 64کوچز کو نئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا جن میں اکانومی کی چوبیس ، اے سی سٹینڈرڈ کی چار چار ، اے سی بزنس کی بارہ کوچز کے علاوہ ڈائنگ کاروں اور سلیپر پاور پلانٹس ، لیگج وینوں اور ڈاک خانہ کے ڈبے بھی شامل ہیں۔ گذشتہ روز ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی آمدن میں اضافے کے بعد ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں سمیت ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور بحالی ، ترقی اور جدت کا یہ کام حکومت کی طرف سے کسی بیل آئوٹ پیکج کے بغیر ہی پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہاہے۔