نوازشریف کو انتخابات میں شکست دینے کیلئے منظم منصوبہ بندی کی جا رہی ہے: احسان وائیں

11 فروری 2018

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما احسان وائیں نے کہا ہے کہ عدالت میں زیرسماعت مقدمے سے متعلق چیئرمین نیب سمیت کسی کو بھی رائے دینے کا حق نہیں ہے۔ چیئرمین نیب نے شریف برادران پر مقدمات سے متعلق عوامی اجتماع میں تنقید کرکے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ اگر ان کو اسی طرح کی رائے دینے کا شوق ہے تو وہ اپنا عہدہ چھوڑ کر سیاست میں آجائیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں عرفان نعیم منگی جیسے متنازعہ افسر کو ڈی جی نیب لگایا گیا ہے۔ وہ جے آئی ٹی کا بھی حصہ رہ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو آئندہ انتخابات میں شکست دینے کیلئے منظم منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔