ہتک عزت درخواست کی سماعت‘ سیمل راجہ اور پری گل آغا آپس میں الجھ پڑیں

11 فروری 2018

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن کورٹ میں ہتک عزت کی درخواست کی سماعت کے دوران سابق ایم پی اے سیمل راجہ اور سابق سینیٹر پری گل آغا آپس میں الجھ پڑیں۔ عدالت نے کیس کی مزیدسماعت 12 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق دوران سماعت کمرہ عدالت میں وکلاء کی موجودگی میں دونوں خواتین آپس میں تلخ کلامی کرتی رہیں اور کمرہ عدالت کے باہر بھی تو تکار جاری رکھی۔ جس پر فوری طور پر سیشن کورٹ کی سکیورٹی نے دونوں کے درمیان بچ بچاو کروایا اور گھر روانہ کردیا۔ایڈیشنل سیشن جج رائے آفتاب احمد نے سابق سینٹر پری گل کی ہتک عزت کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سیمل راجہ نے پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرکے میرے متعلق غلط الزامات عائد کیے ہیں۔پری گل آغا نے مزید کہا کہ راجہ بشارت میرا شوہر ہے۔مگر سیمل راجہ بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ غلط الزامات کی وجہ سے شہرت متاثر ہوئی لہذا پانچ کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔