رانا ثنا شہباز شریف کو ڈراتے ہیں استعفیٰ لیا تو سانحہ ماڈل ٹائون کا پول کھول دونگا: حمید سیالوی

11 فروری 2018

سرگودھا+ ساہیوال سرگودھا (نوائے وقت رپورٹر+ نامہ نگار) پیر آف سیال حمیدالدین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ میں کبھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیاست نہیں کروں گا۔ میں نے نظام الدین سے کہا کہ سیاست سے دستبردار نہ ہوں، نظام الدین سے کہا کہ سارا دبائو میری جانب موڑ دیں۔ رانا ثنااللہ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو ڈراتے ہیں کہ استعفیٰ لیا تو ماڈل ٹائون سانحہ کا پول کھول دوں گا۔ مجھے روزانہ فون اور ایم ایم ایس کے ذریعے دھمکیاں ملتی ہیں۔ میں اب تک رانا ثنااللہ کے استعفے پر قائم ہوں شہباز شریف اپنی مرضی سے آئے میں نے نہیں بلایا۔ شہباز شریف نے آ کر میرے پیر اور گھٹنے پکڑے، کبھی کہا جاتا ہے کہ آپ کل کا سورج نہیں دیکھیں گے۔ نظام الدین سے کہا ان سے کہو وہ سب کچھ میرے کہنے پر کر رہے ہیں۔ جب تک پوری کمیٹی مطمئن نہ ہو میں مطمئن نہیں ہوں گا۔ کارکنوں کے احتجاج اور پیر آف سیال شریف کے حکم پر مسلم لیگی ایم پی اے نظام الدین سیالوی نے سیاست سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ نظام الدین سیالوی نے سجادہ نشین سیال شریف محمد حمید الدین سیالوی سے ملاقات کی جس میں پیر آف سیال شریف نے انہیں سیاست سے دستبردار ہونے کا فیصلہ واپس لینے کا حکم دیا جس پر ایم پی اے نظام سیالوی نے اپنے تحفظات سے انہیں آگاہ کیااور بتایا کہ جو حالات پیدا کر دیئے گئے ہیں ان میں سیاست سے کنارہ کشی ہی بہتر ہے تاہم پیر آف سیال شریف نے انہیںہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر لیگی ایم پی اے نظام سیالوی نے سیاست سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا۔ پیر آف سیال شریف نے میڈیا سے بات میں کہا کہ نظام الدین سیالوی ہی انکے سیاسی جانشین ہیں اور سیاسی حوالے سے وہ جو فیصلے کریں گے انکی مکمل تائید اور حمائت کی جائیگی اور وہ پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق پچھلے کچھ روز سے سجادہ نشین کو دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں کہ اگر وہ استعفیٰ اور قادیانیوں کو کلیدی عہدوں سے ہٹانے کے مطالبہ سے باز نہ آئے تو اسکا خمیازہ انہیں بھگتنا پڑیگا۔ پیر آف سیال شریف کی رہائش بنگلہ شریف اور صاحبزادہ قاسم سیالوی کی رہائشگاہ کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔