مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی کیمپ پر حملہ‘2 افسر ہلاک‘ جیش محمد نے کرایا‘ انڈین فوجکا الزام
سرینگر(آن لائن/ کے پی آئی/ اے ایف پی) مقبوضہ کشمیر میں 2 بھارتی فوجی افسر ہلاک اور 4 اہلکاروں سمیت 9 زخمی ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جموں کے علاقے سنجوان میں نامعلوم افراد نے فوجی کیمپ پر اچانک دھاوا بول دیا۔ حملہ جموں کے مضافاتی علاقے سنجوان میں جموں۔ پٹھان کوٹ شاہراہ پر واقع فوجی کیمپ پرہفتے کی صبح تقریباً 5بجے ہوا۔ اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے کیمپ کے باہر سنتری بنکر پر فائرنگ کی۔ فوجی جوانوں نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پورا علاقہ گولیوں کی گنگناہٹ سے لرز اٹھا۔ فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے گرد ونواح کے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد تین تھی۔ حکام نے جموں شہر میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔پولیس سربراہ ایس پی وید نے کہاحملہ آوروں نے کیمپ کے عقب سے حملہ کیا۔حملے میں فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر، ایک نان کمیشنڈ آفیسر ہلاک اور 6 فوجی جوان زخمی ہوئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آپریشن میں تینوں حملہ آوروں کو مار دیا گیا۔ بھارتی میڈیا نے بغیر ثبوت الزام لگایا حملہ آوروں کا تعلق جیش محمد سے ہے۔ بعد ازاں انڈین سرکاری ہینڈ آئوٹ میں بھارتی فوج نے الزام لگایا حملہ آوروں کا تعلق جیش محمد سے تھا اور فوج نے 2 حملہ آوروں کو مار دیا۔ الزام لگایا گیا کہ حملہ آوروں نے فوجی یونیفارم پہن رکھی تھی اور ان کے پاس ہینڈ گرنیڈ اور دوسرا اسلحہ برآمد ہوا جبکہ حملے میں 2 افسروں کی ہلاکت اور 5 خواتین بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے جبکہ 2 زخمی اہلکاروں کی حالت نازک بتائی گئی اور کیمپ میں رات گئے تک آپریشن جاری تھا۔ جموں میں فوجی کیمپ پر حملے کے حوالے سے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے براہ راست ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید سے فون پر بات کرکے معلومات حاصل کیں۔بھارتی فوجی کیمپ پر حملے کے بعد بھارتی سیکرٹری دفاع ہنگامی دورے پر مقبوضہ کشمیر پہنچ گئے۔ ادھر مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے سپیکر کیوندر گپتا نے اسمبلی میںیہ کہہ کر ایک تنازع کھڑا کردیا کہ جموں کے سنجوان فوجی کیمپ پر حملہ علاقے میں موجود روہنگیا مسلمانوں کی وجہ سے ہوا ہے۔اپوزیشن ممبران نے سپیکر کے اس بیان پر ہنگامہ کیا اور ان پر الزام عائد کیا کہ وہ مسلمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔اپوزیشن نے سپیکر سے اس بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور واک آوٹ بھی کیا۔دوسری جانب شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کی 34 ویںبرسی پر آج (اتوار) وادی میں ہڑتال کی جائے گی۔ کشمیری عوام کاروبار زندگی معطل رکھ کر بھارت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ ہڑتال کی اپیل مشترکہ مزاحتمی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک نے کی ہے جبکہ سری نگر کے علاقے سونہ وار میں قائم اقوام متحدہ کے مبصرین دفتر کی طرف مارچ کیا جائے گا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، محمد اشرف صحرائی، مختار احمد وازہ، غلام احمد گلزار، محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی، محمد اشرف لایہ، عمر عادل ڈار اور سید امتیاز حیدر کو مارچ کی قیادت سے روکنے کے لیے گھروں، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند کر دیا ہے اور ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے جنوب سے شمال تک اضافی فورسز و پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی پھانسی عدل و انصاف کی تاریخ کا ایک سیاہ باب اوردیگرلاکھوں شہداء کی قربانیاں کشمیریوں کا بیش بہا اثاثہ ہیں اورکشمیری اپنے ان عظیم شہداء کے مقدس مشن کو ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ این این آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت نواز جماعت نیشنل کانفرنس کے رکن اکبر لون نے نام نہاد اسمبلی میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگا دیے۔ انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان کی طرف سے لگائے جانے والے پاکستان مخالف نعروں کے جواب میں لگایا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اکبر لون نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا جب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان نے پاکستان مخالف نعرے لگائے تو وہ اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کی طرف سے دو نوجوانوں کی گرفتاری کیخلاف ضلع شوپیاں میں تیسرے روز بھی ہڑتال رہی۔ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ نے کہا ہے زندہ باد کے نعرے اکبر لون کا ذاتی فعل ہے، پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
نئی دہلی(آن لائن) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے دھمکی دی ہے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی بند نہ کی گئی تو سخت جواب دیا جائے گا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا پاکستانی افواج کی طرف سے ایل او سی پر گولہ باری اور مارٹرشیلنگ کے نتیجے میں انسانی جانوں کے اتلاف کا معاملہ تشویشناک بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا پاکستان کی طرف سے بار بار معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور پاکستانی فوج اب رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہے جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا اتلاف ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت پاکستان سے پرامن تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے تاہم یہ اسلام آباد ہی ہے جو بگاڑ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا اب دنیا بھارت کو ایک کمزور ملک کے طور پر شمار نہیں کر رہی بلکہ سرجیکل سٹرائیکس کے ذریعے ہم نے دنیاکو یہ دکھا دیا ہے ہم بھی مضبوط ایکشن لے سکتے ہیں۔ انہوں نے بڑھک ماری کہ بھارت کے خلاف سازش کرنے والے ممالک کو ہم خبردار کر دینا چاہئے کہ اگر کسی نے ہمیں چھوا بھی تو ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے ۔