فلسطین جلد آزاد ہو گا: مودی دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیر اعظم
رملہ (نوائے وقت رپورٹ) بھارت اور فلسطین کے درمیان انفراسٹرکچر کے 6 منصوبوں پر دستخط ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق منصوبوں میں فلسطین میں ہسپتال‘ خواتین سنٹر اور سکولوں کی تعمیر شامل ہے۔ بھارتی وزراعظم نریندر مودی نے فلسطینی صدر محمود عباس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا ہے کہ فلسطین بھارتی خارجہ پالیسی میں اوّلین ترجیح رکھتا ہے۔ مشکل حالات کے باوجود فلسطینی عوام کا ترقی کا جذبہ قابل تعریف ہے۔ خطے میں امن قائم ہونے کیلئے پُرامید ہیں۔ اسرائیل فلسطین تنازع کا مستقل حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ امید کرتے ہیں کہ فلسطین جلد ایک آزاد ملک بن جائیگا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کیلئے بات چیت پر تیار ہیں۔ دوریاستی حل کیلئے سیاسی عمل اور مذاکرات کے حامی ہیں۔ مودی نے کہا امید ہے فلسطین جلد آزاد ریاست بن جائیگا۔ ہم وعدہ کے مطابق فلسطینی عوام کے مفاد کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں۔ مودی نے یاسر عرفات کے مقبرے پر پھول بھی چڑھائے۔ صدر محمود عباس نے مودی کو میڈل بھی دیا۔
مودی/ فلسطین