افغانستان ،چیک پوسٹ پر حملہ، 6سیکورٹی اہلکار ہلاک ، 8زخمی

11 فروری 2018

کابل(آئی این پی)افغانستان میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 6سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 8زخمی ہوگئے جبکہ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 15اہلکاروں کی ہلاکت اور تین چیک پوسٹوںپر قبضے کا دعویٰ کیا ہے ،ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 2جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 2جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس کمانڈنٹ کاکہنا ہے کہ ڈورن حملہ ضلع آچن کے علاقے میں کیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کو بندر کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا ۔پولیس کمانڈنٹ کے مطابق ڈرون حملے میں سیکورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ادھر جنوبی صوبہ ہلمند میںطالبان کے سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں 6اہلکار ہلاک اور8دیگر زخمی ہوگئے۔حکام کا کہنا ہے کہ طالبا ن جنگجوئوں نے ضلع ناوا میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس میں 6اہلکار ہلاک اور8دیگر زخمی ہوگئے۔

افغانستان حملہ