مجید نظامی آمریت کے سامنے ہمشہ ڈٹے رہے‘ مقررین

11 فروری 2018
مجید نظامی آمریت کے سامنے ہمشہ ڈٹے رہے‘ مقررین

کراچی( خصوصی رپورٹر) پاکستان قائم رہنے کے لئے بنا ہے جو اپنا سفر جاری رکھے گا یہ سرزمین پاک جب قائم ہوئی تو نوائے وقت موجود تھا۔ مجید نظامی تعلیمی ایوارڈ طلبا کے لئے فخر کا باعث ہے ہمیں اپنی پہچان کے ساتھ زندہ رہنا چاہئے آمریت کے سامنے مجید نظامی ہمیشہ ڈٹے رہے، آمریت ہار گئی صحافت جیت گئی۔ ان خیالات کا اظہار19 ویں فرزندان پاکستان ڈاکٹر مجید نظامی تعلیمی ایوارڈ2017 کی تقریب میںمقررین نے کیا۔ تقریب کی صدارت ممتاز اسکالر اور شاعر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کی جب کہ مہمان خصوصی بابو سرفراز خان جتوئی صدر پاکستان مسلم لیگ ن تھے۔ تقریب سے پیر منور حسین شاہ جماعتی، امین یوسف ریذیڈنٹ ایڈیٹر نوائے وقت کرچی، پروفیسر نوشابہ صدیقی، محمود احمد خان، سابق نائب صدر آرٹس کونسل کے علاوہ چیئرمین فرزندان پاکستان رانا اشفاق رسول طالبہ ایرج سحر نے بھی خطاب کیا۔ صدر تقریب ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے کہا کہ پاکستان قائم رہے گا ہمیں اپنی پہچان کے ساتھ زندہ رہنا ہے اگر پہچان بنانی ہے تو ہر صورت میں نالج بیس سوسائٹی بنانا ہوگی۔لاہور سے آئے ہوئے پیر منور حسین شاہ جماعتی نے اپنے خطاب میں کہاکہ مجھے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے شاہد رشیدنے دعوت دی ۔ا نہوں نے کہا کہ اسلام کی طاقت اور عظمت یہ ہے کہ 1400 سال پہلے آقا نبی کریمؐ نے جو قانون دیا تھا اس میں کسی بھی صورت میں ترمیم نہیں کی جاسکتی۔ نظریہ پاکستان کلمہ طیبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ نظریہ پاکستان کو آئین پاکستان سے ختم کردیا گیا اللہ ہم کو توفیق دے کہ ہم اس ملک کے لئے اس نظریہ کو قائم کریں۔ نوائے وقت کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر امین یوسف نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تعلیمی ایوارڈ نوائے وقت کے بانی کے نام سے شروع کیا گیا ہے۔ میں نے رانا اشفاق کے اسکول میں 14 اگست کی تقریب میں دیکھا کہ رانا اشفاق رسول نے نظریہ پاکستان کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ نہ صرف تصاویر بلکہ بایوگرافی بھی موجود ہے ۔ یہ بچوں کی حوصلہ افزائی کا اچھا اور احسن طریقہ ہے نفسانفسی اور نفرتوں کے درمیان محبتوں کو زندہ رکھنے والے رانا اشفاق رسول موجود ہیں تعلیم برائے فروخت ہوگئی ہے کچھ لوگ ابھی ہیں جو نظریہ پاکستان کو آگے لے کر جارہے ہیں۔ طلبا سے کہوں گا کہ اچھے لوگوں کی صحبت اختیار کریں۔ رانا اشفاق رسول اس مشن کو جاری رکھیں پیرزادہ قاسم جیسے لوگوں کی سرپرستی جاری رہے گی۔ مسلم لیگ ضلع غربی کے صدر او رکراچی میں مسلم لیگ کے پارلیمانی لیڈر امان اللہ آفریدی نے کہا کہ جنہوں نے پاکستان کو دو لخت کرنا تھا کردیا لیکن نئی نسل ا ور ہمارے بچے بچیاں پاکستان کی حفاظت کریں گے علم اور تعلیم سے سیسہ پلائی دیوار بن کر سامنے ہوں گے کوشش کی جارہی ہے کہ اس گلستان کو بھی پارہ پارہ کیا جائے جب تک نواز شریف زندہ ہے پاکستان کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ممتاز سماجی شخصیت محمود احمد خان نے کہاکہ 19 سال سے ایسا کام کررہے ہیں جو قابل ذکر ہے۔ بچوں نے جو محنتیں کی ہیں اس کو سراہنے والے لوگ بھی موجود ہیں۔ کاش حکمران اس پر عمل پیرا ہوں شہر میں دیگر جگہوں پر بھی پروگرام ہونے چاہئیں۔علامہ اقبال کالج کی سابق پرنسپل اور ماہر تعلیم پروفیسر نوشابہ صدیقی نے کہا کہ مجھے یوم اقبال کے سلسلے میں مجید نظامی کے ساتھ شرکت کا اعزاز حاصل رہا وہ زندگی میں کبھی مایوس اور شکست خوردہ نہیں رہے۔ آج حمید نظامی مرحوم کے چھوٹے بھائی مجید نظامی کی شخصیت ہمیشہ زندہ رہے گی۔ نوا زشریف نے ایٹمی دھماکے کرنے میں لیت و لعل سے کام لیا تو انہوں نے کہاکہ آپ دھماکہ نہیں کریں گے تو قوم آپ کا دھماکہ کردے گی۔ اپنے قلم سے مجید نظامی خوش آمدی نہیں بنے ساری عمر سچ کا کڑوا گھونٹ پیتے رہے۔ مجید نظامی زندگی بھر صرف صحافی رہے سیاست دان بنے اور نہ سیاست دانوں کے پیچھے پھرے۔ انہیں حکومت کے لئے بڑی بڑی پیشکشیں ہوئیں۔ لیکن انہوں نے مدیرنوائے وقت رہنے کو ترجیح دی۔ مہمان خصوصی بابو سرفراز جتوئی صدر مسلم لیگ ن کراچی نے کہا کہ جب تک پاکستان کو نظریہ پاکستان کے ساتھ چلایا گیا تو وہ دور جمہوری دور تھا پاکستان کو نظریہ پاکستان سے ہٹ کر پاکستان کے مقتدر حلقوں نے چلانے کی کوششیں کیں تو اس کے نتیجے میں بوری بند لاشیں، ٹارگٹ کلنگ ، مارکیٹ کا کرلیش ہونا، بدامنی ملی۔ صدر تقریب ضیا الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر ممتاز شاعر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کہا کہ تنظیمیں بنتی رہتی ہیں لیکن فرزندان پاکستان نہایت قابل تعریف ہے کہ وہ اعلیٰ مقصد کے ساتھ تعلیم تربیت اور ثقافت پر پاکستانیت کو فروغ دے رہی ہے۔ رانا اشفاق رسول جیسے لوگ محب وطن ہیں وہ نظریہ پاکستان اور پاکستان کے شیدائی ہیں جس میں وہ آگے آگے نظر آتے ہیں قابل اعتماد شخص ہیں پاکستان تو قائم رہنے لئے بنا ہے اپنے سفر کو جاری رکھے گا۔ایک پوری تحریک کے تحت پاکستان بنا ہے۔ اس سرزمین پرپاکستان بننے سے پہلے نوائے وقت موجود تھا مجید نظامی ایوارڈ طلبا کے لئے طمانیت کا باعث ہے۔ پاکستان قائم رہے گا۔ہمیں اپنی پہچان کے ساتھ زندہ رہنا چاہئے۔ عالمگیر سطح پر اس دنیا میں پاکستان اپنی پہچان ہے تو ہمیں ہرصورت سے نالج بیس سوسائٹی کو بنانا ہوگا۔ سب سے پہلے اپنے والدین کو سیلوٹ کریں اساتذہ کو سلام پیش کریں اس جدوجہد میںلگ جائیے۔ رانا اشفاق رسول نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہ 19 برسوں میں یہ پہلی تقریب ہے جو مختصر وقت پر ختم ہوگئی ہے میں تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ مجید نظامی اور فرزندان اور میرے لئے جو کلمات ادا کئے گئے وہ اعزاز ہیں۔ میں نے جوشعبہ اختیار کیا وہ تعلیم ہے نظامی صاحب کے معیار پر پورا اترنا بہت مشکل تھا ۔میں ان کے معیار پر پور ا اترا ۔انہوں نے میری شفقت کی۔ یہ ایوارڈ جس شخصیت کے نام سے جڑا ہے وہ آپ کے لئے باعث فخر ہے کراچی بورڈ اور انٹر بورڈ سے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو ایوارڈ دیئے فرزندان پاکستان ایوارڈ بھی ہم ان شخصیات کو دے رہے ہیں جنہوں نے اپنے وطن میں رہ کر اپنی بے لوث خدمات کو پیش کیا ہے۔ بعدازاںانیسویں فرزندان پاکستان ڈاکٹر مجید نظامی تعلیمی ایوارڈ 2017 کی تقریب میںطلبہ و طالبات کے علاوہ مہمانوں اور فعال عہدیداران کو مجید نظامی تعلیمی ایوارڈز دیئے گئے یہ ایوارڈ صدر تقریب پیرزادہ قاسم اور مہمان خاص کے ہاتھوں دیئے گئے اس موقع پر صدر تقریب ، مہمانان خصوصی و مقررین کو اجرکیں پہنائی گئیں پہلے دو رکی نظامت رانا اشفاق رسول نے کی جب کہ دوسرے دو ر کی نظامت شاہد سرور نے کی۔ حافظ شفیق نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ نعت رسول طالب علم محمد نوید نے پیش کی۔ اس موقع پر قومی نغمہ بھی پیش کیا گیا۔ طاہرہ اور کرن نے قومی ترانہ سنایا تمام سامعین نے کھڑے ہوکر قومی ترانا سنا۔

مجید نظامی تعلیمی ایوارڈ