ناقص اشیاءرکھنے پر سیل ہونے والی دکان جمشید دستی نے زبردستی کھلوا دی
مظفر گڑھ‘ خان گڑھ (نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت) مظفرگڑھ میں ناقص اشیاءرکھنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مٹھائی کی دکان سیل کی ،تو جمشیددستی نے زبردستی سیلیں توڑ کر دکان کھلوادی۔تفصیلات کے مطابق منڈا چوک پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے مٹھائی کی دکان الخیر سوئیٹس اور جنرل سٹورسیل کرڈالی، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دکان میں تیار کردہ مٹھائی اور دوسری چیزوں کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہیں رکھاگیا تھا، کارروائی کی اطلاع ممبرقومی اسمبلی جمشیددستی کو پہنچی تو وہ اپنے ساتھیوں کیساتھ پہنچ گئے۔جمشیددستی نے خود ہی مٹھائی کی دکان کی سیلیں توڑیں اور زبردستی دکان کھول دی۔سیل شدہ دکان کھولنے کے بعد جمشیددستی اور اہل علاقہ نے منڈا چوک پر احتجاج بھی شروع کردیا اور روڈ مکمل طور پر بلاک کردیا، جمشیددستی کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی غریب دکانداروں کیخلاف بلاوجہ کاروائیاں کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیل کی گئی دکان کے مالک کو صرف ایک ماہ میں کئی کاروائیوں میں 40 ہزار روپے تک جرمانہ کیا جا چکا ہے اور آج دکان کو سیل کردیاگیا۔دوسری جانب ایس ایچ او تھانہ خانگڑھ علی عمران کا کہنا ہے کہ معاملے کے حوالے سے معلومات ہیں،فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کوئی درخواست موصول ہونے پر ہی کارروائی کی جائیگی۔
دکان کھلوا دی