ملتان: ڈیرہ مرادجمالی میں سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن‘ 2افراد گرفتار بڑی تعداد میں اسلحہ‘ منشیات برآمد

11 فروری 2018

ملتان‘ راولپنڈی(صباح نیوز+آئی این پی)ملتان پولیس اور جوائنٹ ٹاسک ٹیم نے حساس اداروں کے ہمراہ تھانہ بدھلہ سنت کے علاقے اسلام پورہ گجراں میں سرچ آپریشن کیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سرچنگ کے دوران پولیس نے 45 گھروں کو چیک کیااور 25 افراد کی بائیو میٹرک ڈیوائس سے تصدیق بھی کی۔سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے تین سو چالیس لیٹر شراب بھی برآمد کر لی جبکہ پولیس نے دو مشکوک افراد کو گرفتارکر لیا جن کے قبضہ سے بڑی مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمد کی۔آئی این پی کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے، ایف سی بلوچستان نے شیرانی اور ڈیرہ مراد جمالی میں خفیہ اطلاعات پر سرچ آپریشن کیا، جس کے نتیجہ میں بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ باروڈ، موبائل فون سمز اور مواصلات آلات برآمد کرلئے گئے۔