پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والوں سے عوام حساب لیں گے: عابد شیر علی

11 فروری 2018

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے توانا ئی چوہدری عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والوں سے عوام حساب لے گی۔ جس پارلیمنٹ کیلئے ووٹ مانگتے ہیں اسی کو گالیاں دیتے ہیں‘ یہ چوروں اور ڈاکوئوں کا اتحاد ہے جو نواز شریف کے خلاف جمع ہوگئے ہیںاب صرف نواز شریف کا احتساب ہورہا ہے چو روں کا نہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت برائے انرجی چوہدری عابد شیر علی سی سی 106 ستارہ کالونی میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے کیا۔ اس موقع تقریب کے میزبان حاجی غلام مصطفیٰ بھٹی کے علاوہ ناصر بٹ‘ میاں مبشر‘ ملک شہزاد‘ اویس رحمانی‘ چوہدری امجد و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا یکطرفہ احتساب قوم کو منظور نہیں‘ آج آصف زرداری پاک صاف اور ہرقسم کی کرپشن سے پاک ہو گیا ہے اور تمام برائیاں میاں محمد نواز شریف میں نظر آرہی ہیں۔ خیبر سے لے کر کراچی تک ن لیگ میں جلسوں میں عوامی شمولیت سے واضح ہے کہ عوام آج بھی میاں محمد نواز شریف سے ہی پیار کرتے ہیں اور انہیں کو ہی اپنا وزیراعظم مانتے ہیں۔ 2018ء میں میاں محمد نواز شریف کو اتنے ووٹ دیں کہ ان پر لگے تمام داغ دھل جائیں ‘ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کو عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا۔ ان کی قیادت میں عوامی مسائل تیزی سے حل ہورہے ہیں ‘ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا فیصل آباد 2013ء کے فیصل آباد سے یکسر مختلف ہے‘ 2013ء میں اٹھارہ‘ اٹھارہ گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان حاجی غلام مصطفیٰ بھٹی نے کہا کہ ہم چوہدری شیرعلی‘ چوہدری عابد شیرعلی کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے علاقے کو سوئی گیس‘ سیوریج‘ پی سی سی گلیاں اور کارپٹ روڈ دیئے‘ ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم 2018ء کے الیکشن میں میاں محمد نواز شریف کے شیروں کو جھولیاں بھربھر کر ووٹ دیں گے اور میاں محمد نواز شریف کو دوبارہ ملک کا وزیراعظم بنائیں گے۔ 

عابد شیر علی