مجلس عمل میں واپسی گنا ہ ،تحریک انصاف کا حصہ نہیں: سمیع الحق
پشاور (این این آئی) جمعیت علما اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں 4جماعتوں کی حمایت حاصل ہے اور ان ہی کا متفقہ امیدوار ہوں،ایم ایم اے میں واپسی گناہ ہے، مذہبی جماعتوں کے اتحاد میں جانے کے بجائے گھر میں بیٹھنا بہتر سمجھتا ہوں ۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ تحریک انصاف میں شامل نہیں ہوئے ہیں ان کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر شپ کیلئے صرف خیبربازار سے تصویریں کھنچوانے کے 36روپے خرچ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں4مرتبہ یعنی 18 سال تک سینیٹر رہا ہوں اور بغیر کوئی خرچ ، وسائل اور ذرائع کے عوام کی خدمت انجام دی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ہر بار جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر لوگوں نے ووٹ دیئے۔اب بھی تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں سے رابطے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال سینیٹ میں جنرل اور ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے تجویز اور تائید کندگان 4 مختلف جماعتوں سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے مسلم لیگ (ن) ، پی ٹی آئی ، جے یو آئی (ف) اور قومی وطن پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔اسلام کے نام پر ہم قوم کو دوبارہ دھوکہ نہیں دے سکتے ۔
سمیع الحق