گوگل ٹرانسلیٹر کا دھوکہ، ناروے کی ٹیم نے 15000 انڈے خرید لیے
ملتان (سپورٹس ڈیسک)ناروے کی اولمپک ٹیم کے کھلاڑی جنوبی کوریا میں جاری سرمائی اولمپکس میں زیادہ سے زیادہ تمغے جیتنے کے لیے کچھ اضافی پروٹین کے خواہش مند تھے۔ ٹیم نے گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد لے کر پندرہ ہزار انڈے خرید لیے۔بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اولمپک ٹیم نے سوچا کہ کھلاڑیوں کو ناشتے میں زیادہ انڈے کھانے چاہئیے تاکہ انہیں اضافی پروٹین مل سکے۔ یہ سوچتے ہوئے ٹیم نے پندرہ سو انڈے آرڈر کرنا چاہے۔ آرڈر چونکہ مقامی زبان یعنی کورین میں کرنا تھا تو انہوں نے گوگل ٹرانسلیٹر کا سہارہ لیا، اپنا مطلوبہ جملہ ٹرانسلیٹ کیا اور انڈے آرڈر کر دیے۔ ناروے ٹیم کے باورچی اس وقت حیران رہ گئے جب ان کے پاس کئی ہزاروں انڈے پہنچا دیے گئے۔
نارویجیئن ٹیم کے شیف ٹورے اویربو نے کہا کہ ایسا غلط ترجمے کی وجہ سے ہوا ہے۔ ٹیم کے ہیڈ شیف سے پوچھا گیا کہ اب وہ اضافی انڈوں کا کیا کریں گے تو انہوں نے کہا کہ "میرا خیال ہے انہیں کھایا جائے گا، یا پھر انہیں واپس بھی کیا جا سکتا ہے، فی الحال مجھے کچھ معلوم نہیں، لیکن یہ کوئی ایسا بڑا مسئلہ بھی نہیں ہے۔