پاکستان کی پہلی دوا عالمی ادارہ صحت کی فہرست میں شامل

11 فروری 2018

کراچی(لیڈی رپورٹر)پاکستان کی پہلی دوا موکسی فلوکساسین عالمی ادارہ صحت کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے۔ گیٹز فارماپرائیویٹ لمیٹڈکے سی ای او خالد محمود کے مطابق ان کی کمپنی عالمی دوائیوں کے ٹینڈرز میں بھی بولی لگانے کی اہل ہوچکی ہے۔تفصیلات کے مطابق، پاکستان کی فارمیسی صنعت میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور پاکستان کی پہلی ڈرگ کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے تسلیم کرلیا ہے، جس سے پاکستان کی ڈرگ برآمدات میں اضافہ ہوگاجو فی الوقت صرف 11کروڑ ڈالرز ہے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق، کراچی کی گیٹز فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کی بنائی جانے والی موکسی فلوکساسین ہائیڈرو کلورائیڈ 400ملی گرام کواس کے عالمی ماہرین کی ٹیم نے تفصیلی معائنے کے بعدقابل قبو ل مصنوعات میں شامل کرلیا ہے۔ مذکورہ دوا تپ دق کے مرض میں استعمال کی جاتی ہے۔پاکستان میں دوا تیار کرنے والی 450 سے زائد کمپنیاں موجود ہیں تاہم یہ پہلی دوا ہے جسے عالمی ادارہ صحت نے تسلیم کیا ہے۔پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے (ڈراپ)کے ایک عہدیدار نے اس ضمن میں بتایاکہ عالمی ادارہ صحت بھارت کی 100سے زائد دوائوں جب کہ بنگلا دیش کی 6دوائوں کو تسلیم کرچکا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی گزشتہ ہفتے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق، ان کی معائنہ تیم گیٹز فارما میں فراہم کردہ سہولیات، جس میں دوائوں کا معیار، پیداواری یونٹس، کوالٹی کنٹرول، صفائی ستھرائی اور صحت عامہ کا نظام فارمیسی مصنوعات کیلئے بہتر ہے۔