کراچی لٹریچر فیسٹیول ‘ بھارتی ادیب شیلا ریڈی کی کتاب مسٹر اینڈ مسز جناح کی تقریب رونمائی

11 فروری 2018

کراچی (کلچرل رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی لٹریچر فیسٹیول کراچی کے عوام کے لئے تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے اور مسلسل 9ویں سال اس کے انعقاد پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی لٹریچر فیسٹیول کے دوان بھارتی ادیب شیلا ریڈی کی کتاب مسٹر اینڈ مسز جناح کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کی باعث کراچی میں اب ہر طرح کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ شہر سماجی ، ثقافتی ، سیاسی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل 9 ویں سال اس فیسٹیول کے انعقاد سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر لگن سچی ہو تو کوئی بھی چیز مشکل نہیں ہوتی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فیسٹیول سے نہ صرف عوام میں کتب بینی کا شوق پیدا ہورہا ہے بلکہ مختلف ممالک کے ادیبوں اور قلمکاروں کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے سے ادبی رجحانات ، ادب کی ترقی کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ انہیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع بھی ملا رہا ہے۔