مہاجر تاریخ کے بدترین دور سے گزررہے ہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر اس وقت تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں ، مہاجروں نے برسوں جس قیادت پر اعتماد کیا اس کی غلط پالیسیوں اور غلط فیصلوں کے باعث پوری قوم ذلت اور رسوائی سے دوچار ہے۔ ہرشخص مہاجروں پر طعنہ زن ہے لیکن مہاجر سیاست کرنے والے گروپ کے سرکردہ افراد اس صورتحال کو سمجھنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ دوطرفہ ضد اور ہٹ دھرمی سے مہاجروں کی رہی سہی عزت و ناموس بھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس صورتحال کی نشاندہی ہم برسوں پہلے سے کرتے رہے کیونکہ نظریاتی سیاست کی بجائے شخصی بنیاد پر کی جانے والی سیاست کے یہی نتائج نکلتے ہیں ۔ مہاجر قوم آج یہ سوال کررہی ہے کہ برسوں سے اقتدار میں رہنے کے باوجودایم کیوایم کے موجودہ رہنماؤں نے عام مہاجر کیلئے کیا کیا ۔