سی پیک مشکوک منصوبہ ہے، عوام کو فائدہ نہیں ہوگا، پرنس محی الدین

11 فروری 2018

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سی پیک ایک مشکوک منصوبہ ہے اور سیاست کے میدان کی صورتحال یہ ہے کہ چور چور کو چور کہہ رہا ہے۔ یہ بات سابق وفاقی وزیر اور بلوچ رابطہ اتفاق تحریک کے سربراہ پرنس محی الدین بلوچ نے بلوچ ہال لیاری میں ممتاز صحافی صدیق بلوچ کی تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی، جاوید ناگوری، خلیل ہوت، ملک فیاض، اسلم سمو، شیر محمد انگاریہ، شعیب بلوچ، سہیل بلوچ، نذیر بلوچ اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ رابطہ اتفاق تحریک نے کبھی بھی ووٹ اور نوٹ کی سیاست نہیں کی اور نہ ہی کبھی الیکشن کا شوق رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ رابطہ اتفاق تحریک کے مرکزی رہنما پرنس یحییٰ بلوچ ملک گیر دوروں پر ہیں انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبہ سے بلوچستان میں خوشحالی آئے گی۔ جنت بن جائے گا مگر عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پرنس یحییٰ او رمرحومہ بی بی حسن بانو نے بلوچ رابطہ اتفاق تحریک کو ملک بھرمیں پھیلایا اور بلوچ عوام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام کا خادم ہوں اور ہمارا مقصد صرف اور صرف غریب عوام کی خدمت کرنا ہے۔