توانائی بحران پر قابوپانے کے بعد اگلے دس سال اقتصادی ترقی کےہیں گورنر سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ امن و امان اور توانائی بحران پر قابوپانے کے بعد پاکستان اگلے دس سال میں تیزی سے معاشی ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر ملکی صحافیوں کے 4 رکنی وفد سے ملاقات کے دوارن کیا۔ وفد میں گارڈین کے فارن ایڈیٹر پیٹرک ونٹور(Patrick Wintour)،اسپیکٹیٹر کے ڈپٹی ایڈیٹر فریڈی گرے(Freddy Gray)، ڈیلی ٹیلی گراف کے ماسکو میں نمائندے رونالڈ اولی فینٹ (Ronald Oliphant) اور اسلام آباد میں اے ایف پی کی بیورو چیف سارہ نکول ٹیٹرٹن(Sarah Nicole Titterton) شامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کی سیکیورٹی کی صورتحال اس قدر خراب تھی کہ کوئی غیر ملکی ایک دن کے دورے پر بھی یہاں آنے کے لئے تیار نہیں تھا اور ہمیں ان سے تجارتی اور اقتصادی اجلاسوں کے لئے دبئی جانا پڑتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں توانائی بحران اس قدر شدید تھا کہ ملک میں بلیک آﺅٹ کا خطرہ پید اہوگیا تھا کیونکہ اس وقت بجلی کی پیداور کا کوئی بھی منصوبہ پائپ لائن میں نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ یہ دونوں انتہائی بڑے چیلنج تھے جنہیں حکومت نے قبول کیا اور 4 1/2 سال کے عرصہ میں ان دونوں مسائل کو حل کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت معاشی استحکام پیدا کرنے میں کامیاب رہی کیونکہ اس ضمن میں حکومت کی مخلصانہ پالیسیوں کا مقصد پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں آنے والے تمام کھلاڑیوں خصوصاً غیر ملکی کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً مغربی دنیا میں حقیقت کے برعکس تاثر پاکستان کے امیج کو متاثر کررہا ہے۔