جوہانسبرگ :جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ میں ارکان گتھم گتھا، لاتوں گھونسوں کی بارش، شدید توڑ پھوڑ
جوہانسبرگ (نوائے وقت رپورٹ) یوں تو پاکستان کے پارلیمنٹ میں اراکین کے گتھم گتھا ہونے کے کئی واقعات سامنے آتے رہتے ہیں لیکن گزشتہ روز جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ میں ایسا منظر دیکھا گیا جہاں ارکان نہ صرف ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوئے بلکہ انہوں نے ایوان میں شدید توڑ پھوڑ بھی کی جس سے ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔ صدر جیکب زوما پارلیمنٹ کے ذریعے عوام سے خطاب کر رہے تھے کہ اچانک حزب اختلاف کے ارکان نے صدر کے خلاف احتجاج شروع کر دیا اور اس شور شرابے سے ایوان میں ہلڑ بازی مچ گئی۔ کچھ دیر بعد ہی اپوزیشن جماعت کے ارکان حکمران جماعت کے ارکان پر ٹوٹ پڑے جس کے بعد دونوں جانب سے ارکان نے ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر دی۔ اس دوران ایوان میں شدید توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق صدرجیکب زوما پراپوزیشن کے کرپشن الزامات پر حکومتی اراکین بپھر گئے جس کے بعد محافظوں نے اپوزیشن اراکین کو باہر نکال دیا۔