گجرات: مقدمہ قتل میں مونس الٰہی اشتہاری قرار، ساتھی ملزم بری 

Dec 11, 2024

لاہور+گجرات (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) احتساب عدالت نے اربوں روپے کی کرپشن اور کک بیکس وصولی کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے پرویز الٰہی کو طلب کرلیا۔ترقیاتی  منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن اور کک بیکس وصولی ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت   کے جج زبیر شہزاد کیانی کے روبرو ہوئی، جس میں عدالت نے پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس پر سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی۔سماعت میں چوہدری پرویز الٰہی آج بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے جب کہ ان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کردی گئی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئندہ سماعت پر پرویز الٰہی کو فرد جرم کے لیے پیش کردیں گے۔ نیب پراسیکیوشن نے دوران سماعت کہا کہ ایک ملزم کے پیش نہ ہونے پر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں ہو پا رہی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان پر  فرد جرم عائد کرنی ہے، آئندہ سماعت پر پرویز الٰہی کو ایک بار پیش کر دیں۔جیسے  وہ گاڑی میں  ہسپتال جاتے ہیں، ویسے ہی یہاں حاضری کیلیے آ جائیں۔قتل کیس میں چوہدری مونس الہی کو اشتہاری قرار  دیدیا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گجرات میاں جاوید اکرم بیٹو نے تھانہ منگووال میں قتل کیس میں بذریعہ تتمہ بیان نامزد ملزم سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الہی کو اشتہاری قرار دے دیا۔ جبکہ ہمراہی ملزم شبریز  ساکن سکنہ چکریاں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔ اسی کیس میں نامزد ملزم محمد اختر عرف شہباز  ساکن چکریاں دوران ٹرائل جیل میں وفات پاگیا تھا۔  استغاثہ کے مطابق 28 جون 2023ء کو چکریاں میں یوسف نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ 

مزیدخبریں