وزیر خارجہ کے 'انڈین کرونیکلز' نامی دستاویز کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ناڈین کرونیکلز کے نام سے شائع دستاویز نے بے نقاب کردیا ہے کہ بھارت پاکستان کے تشخص کو متاثر کرنے کے لیے کیا کچھ کررہا تھا، بھارت کا مقصد اپنے ملک کے بارے میں سوچ کو مضبوط کرنا اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنا ہے تھا ، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل سے منسلک 10 کے لگ بھگ جعلی این جی اوز کو استعمال اور ان پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتا رہا، ہندوستان پاکستان کے خلاف ایک ہائبرڈ وار میں ملوث ہے اور پاکستان کئی سالوں سے اس کا موثر طریقے سے مقابلہ کررہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کو اس لیے تکلیف دی ہے کیونکہ آپ سے مزید تفصیلات شیئر کی ہیں جنہوں نے جنم لیا ہے اس دستاویز سے جو 'انڈین کرونیکلز' کے نام سے آپ کے سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ شائع ہو چکی ہے، یہ 'یورپی یونین ڈس انفو' لیب کی تحقیق کے بعد یہ حقائق سامنے آئے ہیں اور یہ حقائق نشاندہی کرتے ہیں کہ پچھلے 15سالوں سے آن لائن اور آف لائن ہندوستان پاکستان کے تشخص کو متاثر، اپنی اچھائیوں اور سوچ کو جھوٹا سچا کرنے کے لیے کیا کر رہا تھا اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر متاثر کرنے کے لیے جو ان کا کردار تھا وہ بھی آپ سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جعلی حکمت عملی اپنے اسٹریٹیجک مفادات کو محفوظ بنانے کے لیے کی جا رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا مقصد اپنے ملک کے بارے میں سوچ کو مضبوط کرنا اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنا ہے تھا اور یہ جو کارروائی ہوئی اس کا دائرہ 116 ملکوں تک پھیلا ہوا تھا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جعلی نیوز ویب سائٹس ترتیب دیں اور ان کا استعمال کرتے ہوئے 750 ایسی نیوز ویب سائٹس کی نشاندہی ہو چکی ہے جنہیں ہدنوستان استعمال کرتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 کے لگ بھگ جعلی این جی اوز جو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل سے منسلک تھیں، بھارت ان کو استعمال کرتا رہا اور ان پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتا رہا، جعرلی تھنک ٹینکس بنائے جن کو استعمال کیا جاتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی مظاہرے کیے گئے جس کی بنیاد پر یہ کہتے تھے کہ دیکھیں برسلز میں کیا ہو رہا ہے، ہندوستان کا کیمپ لگا دیا، یہ سب اصل نہیں ڈرامہ تھا، ناٹک تھا اور فنڈ پر چل رہا تھا اور ہندوستان کی ریاست اور ادارے اس میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین میں غیررسمی پارلیمانی گروپس ترتیب دیے گئے، مثلا ساتھ ایشیا پیس فورم، فرینڈز آف گلگت بلتستان اور جب ہم 14نومبر کو بات کررہے تھے تو میں نے کہا تھا کہ یہ الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے بعد یہ وہاں قومیت کو ہوا دینے کی کوشش کرتے رہیں گے، آج اس جعلی پارلیمانی گروپ سے ظاہر ہوا کہ یہ کیا کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے بلوچستان کا بھی حوالہ دیا تھا کہ کس طرح خاص طور پر سی پیک کا منصوبہ آگے بڑھناشروع ہوا، بلوچستان میں بالخصوص دہشت گرد سرگرمیاں بڑھتی چلی گئی، فرینڈز آف بلوچستان ایک جعلی آرگنائزیشن اور گروپ بنایا گیا ہے تاکہ پراپیگنڈے کا پرچار کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جعلی نیوز آٹ لیٹس نہ صرف بھارت نے بنائے بلکہ بھارت انہیں فنڈ بھی کرتا ہے جس کا مقصد یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے نظام کو غلط معلومات دینا اور ان غلط معلومات کے ذریعے سے اپنے غلط مقاصد حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے خلاف ایک ہائبرڈ وار میں ملوث ہے اور پاکستان کئی سالوں سے اس کا موثر طریقے سے مقابلہ کررہا ہے لیکن اب کیونکہ حقائق سامنے آئے ہیں تو ہم نے مناسب سمجھا کہ آپ کے ذریعے پاکستان کے لوگوں اور عالی برادری کے ساتھ شیئر کیا جائے۔