عوام کی بہتری کیلئے قانون سازی کرنا حکومت اورحزب اختلاف کی ذمہ داری ہے:فردوس عاشق اعوان

اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پارلیمنٹ کو شفاف انداز میں چلانا اور عوام کی بہتری کے لئے قانون سازی کرنا حکومت اورحزب اختلاف دونوں کی ذمہ داری ہے۔ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے انداز میں پارلیمنٹ کوچلاناچاہتی ہیں جبکہ پوری دنیامقننہ کی جانب سے کی گئی قانون سازی دیکھ رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ قومی اسمبلی میں شرکت کے لئے راناثناء اللہ کاپروڈکشن آرڈر اس لئے جاری نہیں کیاجاسکتا کیونکہ وہ منشیات کے مقدمے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ راناثناء اللہ کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ وہ منشیات کی تجارت میں ملوث ہیں اور اسے عدالت میں ثابت کیاجائے گا۔ایک اورسوال کے جواب میں اطلاعات کے بارے میں معاون خصوصی نے کہاکہ سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے خلاف مقدمات تحریک انصاف کی حکومت نے نہیں بلکہ قومی احتساب بیورو کی طرف سے درج کرائے گئے ہیں۔