عالمی کبڈی کپ ‘ قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے ٹرائلز کل اسلام آباد میں شرو ع ہونگے
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام عالمی کبڈی کپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے چار روزہ اوپن ٹرائلز (کل) جمعرات سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہونگے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے بتایا کہ چار روزہ ٹرائلز کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ قومی پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جس میں لیفٹیننٹ کرنل نبیل رانا (پاکستان آرمی)، رائے مسعود احمد (پاکستان واپڈا)، طاہر وحید جٹ (سیکرٹری جنرل پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن)، فریاد علی (پاکستان ایئرفورس) اور شہراد حنیف (ایس این جی پی پی ایل) شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائلز میں ملک بھر سے کھلاڑی حصہ لے سکتے ہیں، عالمی (سرکل ) کبڈی کپ 12 سے 18 جنوری تک لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں دنیا بھر سے ٹیموں کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ پاکستان عالمی کبڈی کپ کی پہلی بار میزبانی کر رہا ہے، ٹورنامنٹ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام اور کریٹیو مینجمنٹ سپورٹس کے تعاون سے کھیلا جائیگا۔