جماعت اسلامی فیس بک آفیشل پیج کی بندش سازش ہے ٗحافظ نعیم الرحمن
کراچی (نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے انڈین لابی کی ایماء پرفیس بک کی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر آواز اٹھانے اور مظلوم و نہتے کشمیریوں کی حمایت کرنے پر جماعت اسلامی کراچی کے آفیشل پیچ بند کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں انڈین لابی اور فیس بک انتظامیہ کی اس جانبداری اور متعصبانہ اقدام کا نوٹس لیں ،حکومت پاکستان بھی اس کے خلاف اپنا کردار اداکرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’انسانی حقوق کے عالمی دن ‘‘کے موقع پر کشمیریوں کی حمایت کرنے کی پاداش میں جماعت اسلامی کے آفیشل پیچ اور سینکٹروں اکاؤنٹ کی بندش کے خلاف نیو ایم اے جناح روڈ پراحتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور جماعت اسلامی سوشل میڈیا کے انچارج سلمان شیخ نے بھی خطاب کیا ۔