سابق چیف رپورٹر نوائے وقت مسعود ملک انتقال کر گئے، نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سینئر صحافی، سابق منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی، ایڈیٹر انچیف روزنامہ اسلام آباد ٹائمز مسعود ملک منگل کو انتقال کر گئے، مرحوم کی نماز جنازہ آج بدھ کو ایچ ایٹ قبرستان میں دن 11 بجے ادا کی جائے گی۔ انہوں نے پسماندگان میں اہلیہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔ انہوں نے اہم عہدوں پر صحافتی خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے روزنامہ نوائے وقت میں چیف رپورٹر رہے،راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے سابق صدر رہے ہیں جبکہ 2015ء سے 2018ء تک وہ منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی رہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ گذشتہ ایک سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے جبکہ گذشتہ ایک ماہ سے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے ،نماز جنازہ آج 11 بجے دن ایچ ایٹ قبرستان میں ادا کی جائے گی۔ دریں اثناء مختلف صحافتی تنظیموں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صحافت کے شعبہ میں ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر نواز رضا اور سیکریٹری جنرل سہیل افضل نے ایک مشترکہ بیان میں مرحوم مسعود ملک کو زبر دست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیشہ صحافت میں بلند مقام پایا ،عمر بھر صحافت کو ذریعہ معاش بنا یا مرحوم اول و آخر صحافی تھے ۔