حکومت مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑے گی: فخر امام
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں سے52سال کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھایا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے سلسلے میں منعقدہ سیمینارسے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پرشدید تشویش کا اظہارکیا گیا۔ پارلیمنٹ میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی ۔ دیگر مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرشدید تشویش کا اظہارکیا ۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو گزشتہ چار ماہ سے جیل خانے میں تبدیل کیا گیا ہے اور لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ ان سنگین حالات میں کشمیری عوام بین الاقوامی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوںنے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیرکے دورے کی اجازت دلانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ مقررین نے کہاکہ بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے اوروہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے جو کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔سیمینار سے دیگر کے علاوہ امور کشمیر کی پارلیمانی سیکرٹری ثوبیہ کمال،حریت رہنما محمد فاروق رحمانی،سید یوسف نسیم، عبدالحمید لون، عنبرین ترک، ڈاکٹر خالد محمود، جاوید راٹھور ، سید احمد رشید، پرویز احمد شاہ، حسن البنائ، محمد شفیع ڈار،سردار عبدالرازق اور دیگر نے شرکت کی۔