اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹرائل رن کا گزشتہ روز افتتاح کر دیا گیا‘ پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے افتتاحی تقریب کے لئے مسلم لیگ (ن) کے صدراور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو شرکت کی دعوت بھی دی تھی۔ جہانزیب خان کھچی کا کہنا تھاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ شہباز شریف کا تھا اس لئے انہیں افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
میٹرواور اورنج ٹرین منصوبے مفاد عامہ کے ہیں۔ ان کے کرائے کم اور سفر آرام دہ ہونے کے ساتھ پر ہجوم شہر میں مختصر وقت میں طے ہوتا ہے۔ اورنج ٹرین کی سپیڈ 80 کلومیٹر مقرر کی گئی ہے۔ ٹریک 23کلومیٹر ہے۔ اس لائن کی گارنٹی یا میعاد سو سال ہے۔ عام ٹرانسپورٹ میں شہر میں علی گارڈن رائے ونڈ روڈ سے ڈیرہ گجراں شالامار ٹائون تک کا سفردو اڑھائی گھنٹے میں طے ہوتا ہے اورنج ٹرین میں 45منٹ میں طے ہو گا۔ ابتداء میں 2لاکھ پچاس ہزار مسافرروزانہ سفر کر سکیں گے ۔تین سال میں تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ حکومت کی طرف سے شہباز شریف کو افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت اور اپنے نام کی تختی نہ لگانے کا فیصلہ خوش کن سیاسی روایت ہے ۔گو منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا مگر پی ٹی آئی کی حکومت کا اسے مکمل کرنا بھی خوش آئند ہے۔ گزشتہ روز ٹریک ٹرائل ہوا ۔حکومت کو چاہئے کہ اورنج ٹرین کو مستقل چلانے میں تاخیر نہ ہونے دے۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024