عوام سے رابطہ ہر آنیوالے وقت میں مضبوط تر ہوگا ،کسی کو جائزکام میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف شہروں سے آئے لوگوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ فرداً فرداً خود لوگوں کی نشستوں پر گئے اور ان کے مسائل سنے۔وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات دیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو مسائل سے نجات دلانا میرا عزم ہے اور آپ کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے رابطہ ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگا اور ان جائزکام میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی سابق ادوارسے کہیں بہتر ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کیلئے شب روز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے ۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کرپٹ مافیا کو اس کے انجام تک پہنچائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری نیت صاف ہے اور توجہ کا مرکز عام آدمی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب کو رول ماڈل بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر مافیا کے خلاف لڑوں گا اور عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ میں نے اپنے اور عوام کے درمیان کسی کو حائل نہیں ہونے دیا۔ نیا پاکستان وزیراعظم عمران خان کا خواب ہے جس کی تعبیر کے لئے ہم جان لڑا دیں گے اور قوم کو ہمارے مثبت اقدامات سے جلد تبدیلی نظر آئے گی۔