اقبال ٹائون میں واقع نجی سکول میں گیس سلنڈر دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)تھانہ صادق آباد کے علاقے کوری روڈ اقبال ٹائون میں واقع نجی سکول میں گیس سلنڈر دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی سکول میں موجود طلبہ و طالبات میں بھگدڑ مچ گئی تاہم سکول کے عملے نے بچوں کو بحفاظت عمارت سے نکال لیا سکول میں اس سلنڈردھماکے کی اطلاع جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی والدین انتہائی پریشانی کے عالم میں سکول پہنچ گئے جو اپنے بچوں کو بحفاظت دیکھ کر انہیں گلے لگائے کھڑے رہے سروس روڈ پر واقع تین منزلہ ریڈیئنٹ سکول کی کنٹین میں پیر کی صبح دس بجے گیس لیکیج سے اچانک آگ بھڑک اٹھی اور سلنڈر پھٹ گیا جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا فائر بریگیڈ اور ریسکیو1122 کی گاڑیاں بھی پہنچ گئیںوقوعہ سے قبل سکول میں کلاسیں لگی ہوئی تھیں اور تدریسی عمل عروج پر تھا سکول میں بچے انتہائی خوفزدہ حالت میں باہر کی طرف دوڑ پڑے والدین بھی سکول پہنچ گئے جنہوں نے اپنے بچوں کو گلے لگا کر گھروں کی جانب جانا شروع کردیا آگ بھڑکنے سے دھواں پھیل گیا فائر فائٹنگ سسٹم اور ایمرجنسی ایگزٹ نہ ہونے سے بچوں کو سکول کے روائتی راستوں سے نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑاسکول انتظامیہ نے بچوں کو چھٹی دے دی فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔