ایمرجنگ ٹیمز کپ، بھارت نے سری لنکا کو ہرا کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی
کولمبو (اے پی پی) ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، افغانستان نے اومان کو ہرا کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔ پیر کو کولمبو میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں سری لنکن ایمرجنگ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 260 رنز بنائے، اویشکا فرننڈو 80 رنز بنا کر نمایاں رہے، اسیلا گونارتنے 67 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شیوام ماوی نے 3 کرشنا نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں بھارتی ایمرجنگ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے مسلسل تیسری کامیابی اپنے نام کی، ہمت سنگھ نے 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ گائیک واڈ 67 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، کمنڈو مینڈس نے 3 اور اسیتھا فرننڈو نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ایک اور میچ میں افغانستان ایمرجنگ ٹیم نے اومان ایمرجنگ ٹیم کو 112 رنز سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی، افغانستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.1 اوورز میں 252 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان نجیب اللہ زدران 83 اور قیاس احمد 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، کلیم اللہ نے 3 بلال خان اور جے اودیدرا نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں اومان کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 40ویں اوور میں 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔، مائیکل کی 54 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی، کریم جنت، ضیاء الرحمان اور نجیب اللہ زدران نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔