پاکستان کا ایشین فٹ سال چیمپئن شپ کیلئے ٹیم کا اعلان،مبشر رفیق سنجرانی کپتان
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سوکر فٹ سال فیڈریشن کے چیئرمین سلیکشن کمیٹی شاہد فاروق ملک نے ایشین فٹ سالچیمپین شپ 2018ء کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی فٹ سال ٹیم کا سکواڈ 14 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ٹیم کی قیادت مبشر رفیق سنجرانی کر رہے ہیں جبکہ نائب کپتان کیلئے عزیر خان نامزد ہوئے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں عمیر آصف حیدری، احمد علی، عمران خان، محمد فصیح، عالمگیر غازی، جبران خان، حمزہ نصرت، معیذ سجاد، انیب طاہر، حسان ظفر، اماد خان، ارتضیٰ حسیب شامل ہیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کوچ طارق یونس، چیئرمین اسلام آباد فٹ سال ایسوسی ایشن شیخ وحید، صدر اسلام آباد فٹ سال ایسوسی ایشن عرفان خان، سیکرٹری جنرل کے پی کے فٹ سال ایسوسی ایشن و میڈیا کوآرڈینیٹر معین الدین، جنرل سیکرٹری آزادکشمیر فٹ سال ایسوسی ایشن اظہارالحق مسعودی، اسسٹنٹ کوچز قومی ٹیم حارث بن ہارون اور عقیل گل بھی موجود تھے۔ شاہد فاروق ملک کا کہنا تھا کہ ایشین فٹ سال چیمپیئن شپ کیلئے ملک بھر سے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے جو چیمپئن شپ میں بھرپور انداز میں قوم کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کی تکمیل کیلئے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر و گلگت کے کھلاڑیوں کو کیمپ میں موقع دیا گیا جس کی وجہ سے مضبوط ٹیم کا انتخاب ممکن ہو سکا۔