عالمی مقابلوں میں ٹف رہنے کے باعث رینکنگ میں تنزلی آئی، ، اعصام الحق قریشی
اسلام آباد (اے پی پی) قومی بین الاقوامی ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ سال 2018ء عالمی مقابلوں میں ان کیلئے بڑا ٹف رہا ہے جس کی وجہ سے عالمی رینکنگ میں تنزلی آئی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال 2019ء میں عالمی رینکنگ میں بہتری کیلئے پر امید ہوں۔ جونیئر کھلاڑیوں کو جب بھی ضرورت پڑی تو انہیں ٹپس دینے کیلئے تیار ہوں۔ ملک میں بین الاقوامی ٹینس کے مقابلے بحال ہوئے ہیں جس سے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔ پیر کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سال 2018ء میں انجری کے باعث ان کی عالمی رینکنگ میں تنزلی آئی ہے، پہلے وہ عالمی رینکنگ میں 20 ویں نمبر پر تھے تاہم کمر کی تکلیف کے باعث اب وہ 46 نمبر پر آگئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب وہ مکمل طور پر فٹ ہے اور بین الاقوامی مقابلوں کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019ء میں وہ بین الاقوامی مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے عالمی رینکنگ میں مزید بہتر بنانے کی کوشش کرینگے۔ اعصام الحق نے کہاکہ فیڈریشن نے انہیں قومی کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دینے کا کہا تھا تو انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی پاکستان میں ہوںگے وہ قومی کھلاڑیوںکو تربیت سے نوازیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس کے مقابلے خوش آئند ہیں، ملک میںعالمی مقابلے واپس لانے کیلئے فیڈریشن نے اہم کردار ادا کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ قومی کھلاڑی اور پاکستانی نمبر ون عقیل خان کا متبادل ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ وہ مسلسل قومی ایونٹس جیت رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے انہیں سخت تربیت کی ضرورت ہے اور انہیں زیادہ سے زیادہ قومی ایونٹس کیلئے میدان میں اتارنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن زیادہ سے زیادہ قومی ایونٹس کا انعقاد کرے تاکہ ان میں سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی سامنے آسکیں۔