اسوہ حسنہ پر عمل دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے : مولانا طارق جمیل
لاہور (پ ر)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے محمد علی جناح آڈیٹوریم میں سیر ت النبی ؐکا نفرنس کا انعقاد کیا گیا،نعت رسولؐ کی سعادت محمد حمزہ مسعود گوندل نے حاصل کی۔ملک کے معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے کنگ ایڈورڈ کی فیکلٹی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے سیر ت النبی ؐ کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ میں وائس چانسلر اور ادارے کی دنیا اور آخرت کی ترقی کے لئے دعاگوہوں۔ مولانا نے اپنے خطاب میں اسوہ حسنہ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ دین کے بعد دنیا کا سب سے بڑا میڈیکل کا علم ہے اور علم طب کو انسانیت کی خدمت کے لئے استعمال کیاجانا چاہیے نہ کہ اسے کاروباربنانا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ اور ان کے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ والدین اور اساتذہ کا احترام مقصد حیات ہونا چاہیے۔ وائس چانسلر نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا ہمیں چاہیے کہ اپنی زندگی میں رسولؐ کی سیرت اور اسوہ حسنہ کو عملی طور پر اپنائیں اگر ہماری زندگی اسلامی اصولوں کے مطابق ہو گئی تو ہم آخرت میں سرخرو ہوں گے ، امانت میں خیانت نہ کرنا سچ بولنا اور حلال رزق کمانا ہماری زندگیوں کا مقصد ہونا چاہیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم ، وائس چانسلر ایف جے ایم یو پروفیسر عامر زمان خاں ، پرنسپل سمز پروفیسر محمود ایاز ، سابقہ ایم ایس میو ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔