سری نگر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا، بھارتی فورسز نے 5 گھروں کو بھی دھماکے سے تباہ کر دیا۔ بھارتی جارحیت کیخلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ نہتے مظاہرین پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 5 نوجوان زخمی ہو گئے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیر کے روز مقبوضہ جموں و کشمیر میں یوم سیاہ منایا گیا اور مکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف تمام کاروبار زندگی معطل رہا۔ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے دن کی مناسبت سے ہفتہ انسانی حقوق منایا گیا جس کا مقصد بھارت فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالی کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا تھا۔ ڈھائی سال قبل مظفر وانی کی شہادت کے بعد جدوجہد آزادی کو نئی مہمیز ملی۔ آزادی کے پروانے اس کاز کیلئے سربکف ہو کر ایسا نکلے گویا واپسی کی راہ بھول گئے۔ انہوں نے اب تک اپنا ٹمپو برقرار رکھا ہوا ہے۔ وہ بھارتی فورسز کی تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش، کوئی حربہ اور ہتھکنڈا کامیاب نہیں ہونے دے رہے۔ اسکے ساتھ ہی بھارتی فورسز کی بربریت میں اضافہ ہوا۔ انسانیت کو دہلا کر رکھ دینے والی پیلٹ گنوں کا استعمال کیا گیا۔ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی جنگوں میں بھی اجازت نہیں مگر مقبوضہ کشمیر میں یہ ہتھیار بھی استعمال ہو رہے ہیں۔ بھارت جبر کے ضابطے ان لوگوں کیخلاف آزما رہے ہیں جنہیںوہ اپنی آبادی قرار دیتاہے۔ اب بھارت کی نہتے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا ہوچکی ہے۔ جو اقوام متحدہ کے چارٹر کیمطابق آزادی کا حق مانگتے ہیں۔ حق مانگنے پر بہیمانہ تشدد روا رکھنے والی ریاست یقیناً دہشتگرد ہے جسے انسانوں کی پروا ہے نہ انسانیت کی فکر ہے۔ پاکستان کو بھارتی مظالم کا معاملہ ایک بار پھر اقوام متحدہ کے سامنے پوری تیاری اور دوست ممالک کو اعتماد میں لیکر رکھنا چاہئے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024