نثار سے امریکی حکام کی ملاقاتیں، دہشت گردی کیخلاف تعاون پر اتفاق
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل اور امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن اور امریکی نائب وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے ملاقاتیں کی ہیں جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار اور امریکی وفد کے درمیان ملاقات میں پاکستان امریکہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کے علاوہ رچرڈ اولسن اور امریکی ڈپٹی سیکرٹری ٹونی بلنکن شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ہارٹ آف ایشیا کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیااور خطے میں دہشت گردی کےخلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ سے جرمنی کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان سبین سپاروسیر نے بھی ملاقات کی۔ جرمن نمائندہ خصوصی نے پاکستان کی دہشت گردی کےخلاف کارروائیوں کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں پنجاب ہا¶س میں امریکی نائب وزیر خارجہ ٹونی بلنکن کے ساتھ ملاقات میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کو نہ صرف خطہ کے استحکام، امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے قریبی طور پرکام کرنا ہے بلکہ پوری دنیا سے عدم برداشت اور انتہا پسندی کی لہر کے خاتمے کےلئے بھی جدوجہد کرنی ہے۔ انتہا پسند عناصر اور گروپوں کے خلاف اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری کو اپنی آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں کیونکہ بعض ممالک میں ریاستی سطح پر کارروائیاں خاص کمیونٹیز اور گروپوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کیلیفورنیا کے حالیہ واقعہ میں جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ پوری دنیا کو اس افسوسناک واقعہ پر بڑا دکھ ہوا ہے۔ انتہا پسندی صرف کسی خاص خطے یا علاقے تک محدود نہیں بلکہ پوری دنیا کو اس سے خطرہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عوامی بیانات دیتے ہوئے رہنماﺅں کو ضبط و تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور تلخ زبان سے گریز کرنا چاہئے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے علاقائی امن و ترقی کے لئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ واضح طور پر نہ صرف پڑوسی ملک افغانستان بلکہ پورے خطہ میں امن و سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لئے پاکستان کے خلوص کا مظہر ہے۔ انہوں نے انتہاءپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ علاوہ ازیں نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان سبین سپرواسر نے جمعرات کو وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر جرمن سفیر اینا لیپل اور دونوں ممالک کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ جرمن خصوصی نمائندہ نے ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کی تعریف کی اور کہا کہ یہ پڑوسی ملک افغانستان اور خطہ میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لئے حکومت پاکستان کی کمٹمنٹ کا عکاس ہے۔ وزیر داخلہ نے سبین سپرواسر کی بطور خصوصی نمائندہ تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اہم کردار ادا کریں گی بلکہ خطہ میں امن و ترقی کے فروغ کے لئے جرمنی کے زیادہ کردار کے لئے بھی کوششیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی سمگلروں اور لوگوں کی غیر قانونی نقل و حمل میں سہولت دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم کر رکھا ہے۔
نثار ملاقاتیں