بھارت سے 250 ہندو یاتریوں کے 2 جتھے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے
لاہور(سپیشل رپورٹر) بھارت سے 250 ہندو یاتریوں کے دو الگ الگ جتھے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔واہگہ بارڈر پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمد صدیق الفاروق اور دیگر بورڈ افسران اور ہندو رہنماو¿ں نے ہندو یاتریوں کا استقبال کیا۔ واہگہ آمد پر وفد کے لیڈر شیو پرتاب بجاج نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک دھرتی سے ہمارا محبت کا رشتہ ہے جوکھبی نہیں ٹوٹ سکتا۔ ہم اس عظیم خطہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ دونوں حکومتیں عوامی مفادات کا خیال رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔ جتھہ میں شریک یاتری سشما نے کہا کہ ہر ایک بھارتی کے جذبات پاکستان سے وابستہ ہیں۔ ہماری روایات اور کلچر میں کوئی فرق نہیں۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاورق نے کہا کہ پاکستان میں دوسرے تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے۔ پاکستان اقلیت نواز ملک ہے۔ واہگہ بارڈر پر چیئرمین بورڈ محمد صدیق الفاورق کی طرف سے آنے والے یاتریوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور انکو خوش آمدید کہا گیا۔ ہندو یاتریوں نے واہگہ بارڈر پر پاکستان بھارت دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔ عبادات کے شیڈول کے مطابق ہندو یاتریوں کا پہلا وفد اپنے روحانی پیشوا سینٹ سوامی شادھرام کے307ویں جنم دن کی عبادات اور پوجا کے لیے شادانی دربار حیات پتافی میر پور میتھیلو کے لیے روانہ ہو گیا جبکہ دوسرا وفد گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں ایک روزہ قیام کریگا اور آج شری کٹاس راج دھام کی تقریبات میں شرکت کیلئے کٹاس راج مندر ضلع چکوال روانہ ہوگا۔
ہندو یاتری پہنچ گئے