پاکستان کو ریاست کیخلاف کام کرنے والے عناصر سے شدید خطرات لاحق ہیں: صدر ممنون
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پولیس کو جرائم کی بیخ کنی کیلئے نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہو گا۔ صدر گزشتہ روز پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت پولیس افسروں سے بات چیت کر رہے تھے۔ ان افسران نے گزشتہ روز ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کو ریاست کے خلاف کام کرنے والے عناصر سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ ایسے عناصر کے خاتمے کیلئے پولیس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صدر نے دہشت گردی کے خلاف پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر نے کہا کہ عوام میں پولیس کا امیج بہتر بنانے کیلئے پولیس افسروں کو شفاف طرز زندگی اختیار کرنا ہو گا۔ پولیس کی عزت تب بڑھے گی جب ان کا رویہ بدلے گا۔ صدر نے کہا کہ پولیس کو بدعنوانی کے خلاف بھی کردارادا کرنا ہو گا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ جرمن سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنا ہماری سفارت کاری کا بنیادی ہدف ہونا چاہئے۔ صدر گزشتہ روز جرمنی کے لئے نامزد ہونے والے پاکستان کے سفیر جوہر سلیم سے بات چیت کر رہے تھے۔ نامزد سفیر نے صدر سے گزشتہ روز ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا بڑا تجارتی اور معاشی پارٹنر ہے۔ پاکستانی طلبہ کی بڑی تعداد جرمن یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہے۔ صدر نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے رکھیں۔ صدر سے سوڈان کے لئے نامزد سفیر زاہد علی نے ملاقات کی۔ صدر نے سوڈان کے لئے نامزد سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا افریقی ملکوں سے تجارتی معیشت اور دفاعی تعاون بڑھانا ایک ویژن ہے جس کی تکمیل کے لئے ہمارے سفارت کاروں کو محنت سے کام کرنا ہو گا۔