25 مئی کا حساب کتاب ہوگا اور یہ ہو نہیں سکتا کہ رانا ثنا اورعطا تارڑ بچ جائیں:فواد چوہدری

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ کابینہ پاکستان میں باہر نکلنے کے قابل نہیں یہ لوگ نکلتے ہیں تو لوگ جوتیاں اٹھا لیتے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پر دباؤ، زور اور جبر سے کہا جاتا ہے کہ انکی حکومت کو تسلیم کرو۔ پاکستان کےعوام نے یہ حکومت نہیں بنائی۔ پاکستان میں وہی حکومت تسلیم کی جائے گی جو عوام بنائے گی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور فوج ایک دوسرے سے الگ نہیں، جس طریقے سے تقسیم کی کوشش کی گئی یہ افسوسناک ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ لوگ عمران خان کے کہنے پر مہم چلا رہے ہیں۔ عمران خان نے جو کچھ بھی کیا وہ عوام کیلئے کیا ہے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون ہے۔ 25 مئی کا حساب کتاب ہوگا اور یہ ہو نہیں سکتا کہ رانا ثنا اورعطا تارڑ بچ جائیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے تو کہا ہے مجھے جب گرفتار کرنا ہو بتا دیں میں خود ہی آجاؤں گا، یہ بندے وغیرہ لانا اچھا نہیں لگتا۔ فاشزم کا مقابلہ فاشزم سے نہیں ہو سکتا۔ ہم بھی وہی حرکتیں کریں جو وفاق کرے تو ان میں اور ہم میں کوئی فرق نہیں ہوگا۔