ہیڈ کوچ کا کھلاڑیوں کو ڈانٹ ڈپٹ سے گریز
کراچی(یواین پی) جیتا ہوا میچ ہارنے کے باوجود کوچ مصباح الحق نے جذبات قابو میں رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو ڈانٹ ڈپٹ سے گریز کیا۔ جیتی بازی گنوانے پر ان کے چہرے پر مایوسی صاف جھلک رہی تھی مگر اس کے باوجود جذبات کو قابو میں رکھا،ذرائع نے بتایا کہ میچ کے بعد جب ٹیم ڈریسنگ روم میں اکٹھا ہوئی تو پلیئرز کو خدشہ تھا کہ شاید مصباح الحق غصے کا اظہار کریں گے مگر ایسا بالکل نہیں ہوا، ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ پورے میچ میں کارکردگی اچھی رہی مگر صرف ایک خراب سیشن کے سبب شکست ہو گئی، سب اپنی غلطیوں کا جائزہ لیں اور پھر انھیں دور کرنے کی کوشش کریں۔ابھی سیریز ختم نہیں ہوئی 2 ٹیسٹ باقی ہیں، آپ کم بیک کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر کپتان اظہر علی نے بھی ساتھیوں کا حوصلہ بڑھایا اور انھیں ہمت نہ ہارنے کی تلقین کرتے رہے۔ گذشتہ روز بھی ریزرو کھلاڑیوں نے اولڈٹریفورڈ میں ٹریننگ کی، دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کیلیے ٹیم پیرکو سائوتھمپٹن پہنچے گی جہاں ایک اور کورونا ٹیسٹ ہوگا۔