کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاج
کراچی (سٹی نیوز)کشمیری مسلمانوں سے اظہاریکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف شیرشاہ میں جماعت اہلسنّت پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا،اس موقع پر مظاہرین کے فلک شگاف نعروں سے علاقہ گونج اٹھا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنّت پاکستان کے رہنمامفتی محمدبلال قادری نے کہاکہ تمام دنیاکے مسلمان جسد واحد کی مانند ہیں ،دنیامیں کہیں بھی کسی مسلمان پر ظلم ہوگا ،پاکستان کے مسلمان خاموش نہیں بیٹھیں گے،بھارت نے ظلم کی انتہاکردی ہے ،اب مودی سے شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، مودی سرکارکی مذموم جسارت اسے مہنگی پڑے گی،کشمیری قوم شہادتوں کی ایک بڑی تاریخ رکھتی ہے، شہادتوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ کٹھ پتلی حکمران محبوبہ مفتی کا بیان دوقومی نظریئے کی فتح ہے، اکھنڈبھارت کے حامی اب ڈوب مریں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں انسانیت سوزمظالم نے چنگیزاور ہلاکوکی روحوں کو بھی شرمادیاہے،لیکن عالمی برادری کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی،مغرب کی دوغلی پالیسی اس کا متعصب چہرہ عیاں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنی ہوگی اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دے کر ان کا جائز حق دیناہوگا۔