پاکستان سے بچوں کو اغوا کرکے اعضا فروخت کیلئے تھائی لینڈ سمگل کرنے کا انکشاف
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان سے مبینہ طور پر بچوں کو اغوا کرکے اعضاء کی فروخت کے لئے انہیں تھائی لینڈ سمگل کرنے کا انکشاف ہوا ہے‘ پولیس نے لاہور سے سمگلنگ کے لئے اغواء کی گئی ایک بچی سمیت چھ بچوں کو بازیاب کرالیا ہے‘ جسمانی اعضاء کی فروخت کیلئے بچوں کے اغواء کے سکینڈل کی تحقیقات ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہر کاکا خیل کے سپرد کردی گئی‘ بچوں کو گتے کے ڈبوں میں بند کرکے کارگو کے ذریعے بیرون ملک سمگل کیا جاتا تھا۔ ذرائع کے مطابق بچوں کو اغواء کرکے اعضاء کی فروخت کے لئے انہیں تھائی لینڈ سمگل کرنے کا انکشاف ہوا اور پولیس نے لاہور سے سمگلنگ کے لئے اغواء کی گئی بچی سمیت چھ بچوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بچوں کو بے ہوش کرکے ان کے منہ پر پٹیاں باندھی گئی تھیں جبکہ ان کے ٹانگیں اور ہاتھ بھی بندھے ہوئے تھے۔ سوشل میڈیا پر بچوںکے اغواء کی تصاویر سامنے آنے پر ایف آئی اے نے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا۔ ایف آئی اے کی ٹیم لاہور پولیس کے ان اہلکاروں کے بیانات قلمبند کرے گی جنہوں نے بچوں کو بازیاب کرایا جبکہ بچوں اور ان کے والدین سے بھی ایف آئی اے اہلکار ملاقاتیں کریں گے تاکہ اغواء کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔