پیرس (نیٹ نیوز+ این این آئی) فرانسیسی صدر ایمانول میکرون نے یہ امکان ظاہر کیا ہے کہ فرانس آنے والے مہینوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے۔ لوکل ٹیلی ویژن کو دیئے گئے انٹرویو میں میکرون نے بتایا میں اس فیصلے کو جون میں اسرائیل-فلسطین تنازع پر اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس میں حتمی شکل دینا چاہتا ہوں جس کی میزبانی فرانس اور سعودی عرب مشترکہ طور پر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ’ہمیں تسلیم کرنے کی جانب بڑھنا ہو گا اور ہم آئندہ مہینوں میں ایسا کریں گے، میں یہ کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں کر رہا بلکہ میں یہ اس وقت کروں گا جب مجھے لگے گا کہ یہ صحیح ہے۔ فلسطین کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وارسین اغابیکیان شاہین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ’ فرانس کی طرف سے تسلیم کرنا فلسطینی عوام کے حقوق اور دو ریاستی حل کے تحفظ کے مطابق ایک درست قدم ہوگا ‘۔ ادھر اسرائیلی وزیر خارجہ جدعون سار نے ایکس پر ٹویٹ میں لکھا ایسی کسی خیالی فلسطینی ریاست کو کسی بھی ملک کی جانب سے 'یکطرفہ تسلیم کرنا' موجودہ زمینی حقائق کے تناظر میں دہشتگردی کے لیے انعام اور حماس کے لیے حوصلہ افزائی ہو گا۔ واضح رہے کہ اب تک اقوام متحدہ کے 193 میں سے 147 رکن ممالک فلسطین کو ایک خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔ این این آئی کے مطابق فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے عرب ٹی وی یہ بات فرانسیسی صدر نے گزشتہ روز دورہ مصر کے دوران کہی۔ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی یہ پیش رفت ماہ جون میں ہو گی۔ یہ کانفرنس اسرائیل اور فلسطینی تنازعے کو طے کرنے کے لئے ہو گی۔ امکان ہے کہ اس موقع پر کئی ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں گے۔ یہ ان تمام ممالک کے لیے ایک موقع ہو گا جو فلسطین کو تسلیم کرنا چاہتے ہوں گے۔
آنیوالے دنوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتے ہیں، پیشرفت جون میں ہو گی: فرانسیسی صدر
Apr 11, 2025