فیصل آباد: محکمہ خوراک گودام سے کروڑوں کی گندم چوری‘ سنٹر انچارج‘ فوڈ انسپکٹر معطل 

Apr 11, 2025

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) اینٹی کرپشن ٹیم نے محکمہ خوراک کے گودام میں چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کی گندم چوری پکڑ لی۔ محکمہ خوراک کے انچارج نے سنٹر انچارج اور فوڈ انسپکٹر کو معطل کر کے تین رکنی انکوائری کمیٹی کر دی۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کو اطلاع ملی تھی کہ محکمہ خوراک کے سنٹر نمبر 3 سے محکمہ کے افسروں اور ملازمین نے مبینہ طور پر ملی بھگت سے سال 2023ء کے دوران خریدی جانے والی گندم کی سینکڑوں بوریاں خورد برد کر لیں اور سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل بھی کیا گیا۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے چھاپہ مارا تو سنٹر نمبر3 کے گودام میں رکھی جانے والی بوریاں چوری ہونا پائی گئیں۔ بوریوں کے ڈھیر کے درمیان سے گندم کی بوریاں چوریاں کی گئیں اور اس طرح سرکاری خزانہ کو کروڑوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خالد کنور کا کہنا تھا کہ انکوائری کر رہے ہیں تمام حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔ جبکہ دوسری طرف ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک سیف اﷲ نے سنٹر انچارج حامد چیمہ اور فوڈ انسپکٹر فقیر محمد کو معطل کر کے 3رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

مزیدخبریں