شیخوپورہ: محکمہ لوکل گورنمنٹ میں جعلسازی سے بھرتی 54 ملازم برطرف

Apr 11, 2025

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ لاہور ڈویژن کی رپورٹ پر محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ شیخوپورہ میں جعلسازی سے بھرتی ہونے والے 54ملازمین کو نوکری سے برخاست کر دیا۔ جعلسازی سے بھرتی ہونے والے ملازمین ضلع شیخوپورہ کی مختلف یونین کونسلوں میں بطور سیکرٹری اور نائب قاصد کئی کئی برس سے کام کر رہے تھے جبکہ برخاست ہونے والوں میں گریڈ 11 کے 7 سینئر کلرک ،31جونیئر کلرک اور 16نائب قاصد کو بھی نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق انکوائری کے دوران 3ملازمین فوت ہوگئے تھے‘ برخاست ہونے والے ملازمین کو کئی سال قبل مختلف اوقات میں جعلسازی سے بھرتی کیا گیا اور جعلسازی سے بھرتی ہونے والے ملازمین کے نام کلرکوں کے تبادلے کی فہرست میں شامل کر دیئے جاتے تھے۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ جعلسازی سے بھرتی ہونے والے ملازمین نے جوائننگ کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ ایک گروہ کی مدد سے تیار کیے ہیں ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ جعلی بھرتیوں کے ماسٹر مائنڈ کا سراغ مل گیا ہے جس کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں